Thursday 19 October 2017

تیسرے ون ڈے میں امام الحق، حسن کی شاندار کارکردگی، سیریز پاکستان کے نام

تیسرے ون ڈے میں امام الحق، حسن کی شاندار کارکردگی سیریز پاکستان کے نام

حسن علی کی شاندار باؤلنگ اور امام الحق کی ڈیبیو پر سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں سات وکٹ سے ہار دے کر سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز جیت لی۔

سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ میں جو کہ ابوظہبی کھیلا گیا، سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو شروعات میں صحیح ثابت ہوا۔


سری لنکن اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 59 رنز کی بہترین شروعات فراہم کی لیکن حسن علی نے ڈکویلا کی وکٹیں اڑا کر اس شراکت کا اختتام کردیا۔

دنیش چندیمل نے کپتان اپل تھارنگا کے ساتھ مل کر ٹیم کو ۱۰۰رنز کے مجموعے تک پہنچایا ہی تھا کہ شاداب خان کی گیند پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔

ابھی سری لنکا کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ پائی تھی کہ شاداب نے ان فارم اُپل تھارنگا کو فخر زمان کے ہاتھوں کیچ کروا کر ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلائی۔

چمیرا، کاپوگیدرا اور تھری مانے نے آہستہ آہستہ اسکور کو آگے لے جانا شروع کیا ہی تھا کہ حسن علی نے اگلے اسپیل پر واپس آ کر کاپوگیدرا کی اننگز کا اختتام کردیا۔

مشکلات میں پھنسی سری لنکن ٹیم کو اگلے ہی اوور میں اُس وقت پانچواں نقصان اٹھانا پڑ گیا جب جنید خان نے سری وردنا کی اننگز کو پویلئین کا راستہ دکھایا جبکہ حسن علی نے اپنے اگلے ہی اوور میں جیفری ویندرسے کو پویلئین کی راہ دکھا کر پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔

تھسارا پریرا اور تھری مانے نے اسکور کو 162 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد حفیظ نے مڈل آرڈر بلے باز تھری مانے کو آؤٹ کر کے اننگز میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی جبکہ ایک گیند بعد ہی حسن علی نے اکیلا دھننجیا کو آؤٹ کر کے سری لنکن ٹیم کو آٹھواں نقصان پہنچایا۔

پریرا نے کسی حد تک پاور ہٹنگ کر کے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی لیکن دوسرے جانب سے حسن علی نے چمیرا کو کپتان سرفراز کے ہاتھوں کیچ کرا کر اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔


پاکستان کو سری لنکن ٹیم کی آخری وکٹ حاصل کرنے میں بھی زیادہ دیر نہ لگی اور اگلے ہی اوور میں 38 رنز اسکور والے پریرا رن آؤٹ ہو گئے اور یوں سری لنکا کی ٹیم 208 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے غیر معمولی گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو فخر زمان اور پہلا میچ کھیلنے والے امام الحق نے ٹیم کو 78 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، 29 رنز بنانے والے فخر زمان سری لنکا کے باؤلر ویندرسے کی گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی غلطی کر بیٹھے اور اسٹمپ آوٹ ہو گئے۔

امام الحق نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور بابر اعظم کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 66 رنز جوڑ کر ٹیم کی کامیابی آسان کر دی، امارات میں کھیلے گئی گزشتہ پانچ اننگز میں سنچریاں بنانے والے بابر اعظم 30 رنز بنانے کے بعد گماگے کو وکٹ دے بیٹھے۔


امام الحق نے ڈیبیو پر شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر پہلے ہی میچ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

 امام الحق دو چھکوں اور پانچ چوکوں اور کی مدد سے 100 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اس کے بعد حفیظ اور شعیب ملک نے مزید کوئی وکٹ کو گرنے نہ دیا اور پاکستان نے 45 گیندوں پہلے ہی ہدف با آسانی حاصل کر کے میچ میں سات وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی اور سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست برتری بھی حاصل کر لی۔


امام الحق کو پہلے ہی میچ میں فتح گر سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے پہلے جب میچ کا آغاز ہوا تو پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کیں اور احمد شہزاد کی جگہ امام الحق کو ڈیبیو کرایا جبکہ عماد وسیم کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے موضوع لگ رہی ہے۔

اس سے پہلے کھیلے گئے دونوں  میچز میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے شعیب ملک اور بابر اعظم کی عمدہ بّلے بازی اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے سری لنکا کو 83 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 32 رنز سے شکست دی تھی۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان
سرفراز احمد (کپتان)
امام الحق
فخر زمان
بابر اعظم
محمد حفیظ
شعیب ملک
شاداب خان
فہیم اشرف
حسن علی
رومان رئیس
جنید خان

سری لنکا
اپل تھارنگا (کپتان)
نروشن ڈکویلا
لہیرو تھریمانے
دنیش چندیمل
چمارا کاپوگیدرا
ملندا سریوردنا
تھسارا پریرا
دشمانتھا چمیرا
اکیلا دھاننجیا
وشوا فرنینڈو
لہیرو گماگے

No comments:

Post a Comment

Popular Posts