دبئی: پاکستان نے اپنے 400ویں میچ اور تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں مہمان ویسٹ انڈیز کو 56رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
دبئی انٹرنیشنل گراؤنڈ میں گلابی گیند سے کھیلے گئے سیریز کے واحد ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان
نے مہمان ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 346 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 289 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، یاسر شاہ اور محمد نواز نے 2،2 جب کہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کھیل کے چوتھے روز کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز بنا لئے تھے جس کے بعد کھیل کے آخری روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو مارلن سیمیول اپنے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر محمد عامر کے گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد بلیک وڈ کو محمد نواز نےایل بی ڈبلیو کردیا۔
پانچویں وکٹ پر روسٹن چیز اور ڈیرن براوو نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 77 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 193 تک پہنچا تو روسٹن چیز یاسر شاہ کی گھومتی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز چین ڈورچ بغیر کوئی رنز بنائے وہاب ریاض کی یارکر پر بولڈ ہوئے تاہم ڈیرن براوو انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے رہے اور اس دوران انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی اور ویسٹ انڈین ٹیم انہی پر انحصار کرتی رہی لیکن یاسر شاہ نے اپنی ہی بولنگ پر شاندار کیچ پکڑ کر ڈیرن براوو کی اننگز کا خاتمہ کیا جو 116 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ بھیشو 3، میگائل کمنز اور شینن گبریل ایک ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان جیسن ہولڈر 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر اظہر علی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اظہر علی کی ٹرپل سنچری کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 579 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی تھی جس کے جواب میں مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 357 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئی تھی
No comments:
Post a Comment