دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر بابر اعظم نے دو نئے نئے عالمی ریکارڈز قائم کردیے۔
دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم 101 رنز پر چھ وکٹیں گنوا چکی تھی اور انتہائی مشکلات سے دوچار تھی اور اس موقع پر بابر اعظم نے ایک دفعہ پھر ذمے دارانہ بلّے بازی کا مظاہرہ کر تے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔
انہوں نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ شاداب خان کے ہمراہ ساتویں وکٹ کیلئے 109 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو 219 رنز کے معقول اسکور تک پہنچایا۔
اس سنچری کے ساتھ ہی بابر اعظم نے عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ہاشم آملا کو ریکارڈ سے محروم کردیا۔
یہ بابر اعظم کے کیریئر کی ساتویں سنچری ہے اور وہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں سات سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی صرف 33ویں اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی جبکہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 41 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
اس سنچری کے ساتھ ہی بابر اعظم کی یہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک روزہ میچوں میں مسلسل پانچویں سنچری ہے جو کسی بھی سرزمین پر لگاتار سنچریوں کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے پہلے کسی بھی ملک میں لگاتار سنچریوں کا ریکارڈ سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنہوں نے انڈیا میں لگاتار چار سنچریاں اسکور کی تھیں۔
No comments:
Post a Comment