شارجہ: گیند بازوں کی شاندار کارکردگی اور شعیب ملک و بابر اعظم کی ذمے دارانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کی ٹیم کو لگاتار چوتھے ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔
شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا جو ایک دفعہ پھر غلط ثابت ہوا۔
سری لنکن ٹیم کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں 2 رنز پر گری جب کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے سری لنکا کے کپتان اپل تھارنگا کی وکٹیں بکھیر کر ایک روزہ کیریئر کا بہترین انداز میں آغاز کیا۔
اس کے بعد نروشن ڈِکویلا نے جارحانہ بلے بازی کی لیکن وہ 22 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی وکٹ بن گئے۔
۳۰رنز پر دو وکٹس گرنے کے بعد دنیش چندیمل اور لہیرو تھیمانے یکجا ہوئے اور اسکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھانا شروع کیا لیکن ابھی انہوں نے دوسری وکٹ کیلئے 29 رنز ہی جوڑے تھے کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے سبب چندیمل رن آؤٹ ہو کر پویلین واپس جانے پر مجبور ہوگئے جبکہ اگلی ہی گیند پر عماد وسیم نے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سدیرا سمارا وکراما کی وکٹیں بکھیر دیں۔
پاکستان ٹیم کے خلاف سری لنکن ٹیم کی پانچویں وکٹ 91 رنز پر گری جب ملندا سری وردنا 13 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پھر پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاداب خان کو متعارف کرایا جنہوں نے پہلی اور دوسری گیند پر سکیگو پرسنا اور تھسارا پریرا کو پویلین لوٹا کر پاکستان کو چھٹی اور ساتویں کامیابی دلائیں۔
۹۹رنز پر سات کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد اکیلا دھننجیا اور لہیرو تھریمانے نے 43 رنز جوڑ کر ٹیم کے سہارہ دینے کی کوشش کی لیکن حسن علی نے اپنے دوسرے اسپیل کے پہلے ہی اوور میں دھننجیا کی اننگز کا خاتمہ کردیا
لہیرو تھری مانے نے نصف سنچری جڑ کر کچھ مزاحمت کی لیکن 62 کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم نے ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔
پاکستان کو سری لنکا کی آخری وکٹ کیلئے بھی زیادہ دیر انتظار کرنا نہیں پڑا اور حسن علی نے گماگے کو باؤلڈ کر کے سری لنکن ٹیم کی بساط 173 رنز پر لپیٹ دی۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے حسن علی ایک مرتبہ پھر سب گیند بازوں پر بازی لے گئے اور تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ عماد اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے امام الحق صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم اور فخر زمان نے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 37 تک پہنچایا ہی تھا کہ مستقل مشکلات سے دوچار فخر ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے مسلسل دوسرے میچ میں اسٹمپ ہو کر پویلین لوٹ گئے جبکہ حفیظ نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستانی ٹیم صرف 58 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔
اس مرحلے پر ٹیم کے سب سے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کی وکٹ پر آمد ہوئی جنہوں نے بابر اعظم کے ساتھ عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے مزید کسی نقصان کے ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر سیریز میں 4-0 کی برتری دلا دی۔
شعیب ملک اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کیلئے ناقابل شکست 119 رنز کی شراکت قائم کر کے 39 اوورز میں ہی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا، شعیب نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 69 جبکہ بابر نے بھی پانچ چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔
بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں، بابر اعظم نے ایک ہی اننگز میں ڈی ویلیئرز اور آملا کے ریکارڈ توڑ دیے
یہ بھی پڑھیں، بابر اعظم نے ایک ہی اننگز میں ڈی ویلیئرز اور آملا کے ریکارڈ توڑ دیے
اس سے قبل چوتھے ایک روزہ میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں ہیں، رومان رئیس کی جگہ عثمان خان شنواری اور فہیم اشرف کی جگہ عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
پاکستان:
سرفراز احمد (کپتان)
امام الحق
فخر زمان
بابر اعظم
محمد حفیظ
شعیب ملک
عماد وسیم
شاداب خان
حسن علی
عثمان خان شنواری
جنید خان
سری لنکا:
اپل تھرنگا (کپتان)
نروشن ڈکویلا
سدیرا سمارا وکرمہ
لہیرو تھریمانے
دنیش چندیمل
ملندا سریوردنا
تھیسارا پریرا
سورنگا لکمل
اکیلا دھاننجیا
ایس پراسانا
لہیرو گماگے
No comments:
Post a Comment